Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاطمہ بھٹو کا نکاح ہو گیا، ’فاطمہ اور گراہم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘

فاطمہ بھٹو کا نکاح جمعرات کو 70 کلفٹن کراچی میں ہوا (فوٹو: ذوالفقار علی بھٹو جونیئر ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی اور میر مرتضٰی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو کا نکاح سادگی سے نجی تقریب میں انجام پایا ہے۔
فاطمہ بھٹو کے نکاح کی اطلاع جمعے کو اُن کے بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’اپنے والد شہید میر مرتضٰی بھٹو اور بھٹو فیملی کی جانب سے میں بہت خوشی سے یہ اچھی خبر شیئر کر رہا ہوں۔‘ ’میری ہمشیرہ فاطمہ اور گراہم کا نکاح گذشتہ روز ہمارے گھر 70 کلفٹن کراچی میں ایک نجی تقریب میں ہوا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’میرے دادا کی لائبریری میں ہونے والی تقریب میں فاطمہ کے عزیزواقارب نے شرکت کی، یہ وہ جگہ ہے جو میری ہمشیرہ کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ہماری ملک کے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، جس کے باعث ہم نے سوچا کہ اسے پرتعیش طریقے سے منانا زیادتی ہو گی۔‘
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا مزید کہنا تھا کہ ’فاطمہ اور گراہم (جبران) کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔‘
فاطمہ بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے میر مرتضٰی بھٹو اور اُن کی اہلیہ فوزیہ فصیح الدین بھٹو کی صاحبزادی ہیں۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی سوتیلی بہن ہیں۔
40 سالہ فاطمہ بھٹو پیشے کے لحاظ سے مصنفہ ہیں اور اب تک چھ کتابیں لکھ چکی ہیں۔
دوسری جانب ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی پیدائش میر مرتضٰی بھٹو کی غِنویٰ بھٹو سے شادی کے بعد ہوئی تھی۔
بھٹو جونیئر پیشے کے لحاظ سے آرٹسٹ ہیں اور کراچی میں رہتے ہیں۔ وہ سماجی خدمات اور دریائے سندھ میں پائی جانے والی ڈولفن مچھلیوں کی افزائش نسل کے لیے بھی متحرک رہتے ہیں۔
ان کے والد میر مرتضٰی بھٹو کو 20 ستمبر 1996 کو کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔

شیئر: