پشاور... سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ناسمجھ لوگوں کی وجہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان پر تھوپی گئی۔ اقوام متحدہ میں کہا تھا کہ ہم ذہنی جنگ ہار رہے ہیں۔ دونوں طرف مسلمان مارے جا رہے ہیں۔ اس جنگ میں اپنے جوانوں اور عوام کے ساتھ ہیں۔بدھ کو پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی بر سراقتدار آئے گی تو سب کے ساتھ انصاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خبر دار کررہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں اسپتالوں کی نجکاری نہ کرو۔ سابق صدر نے کہا کہ خارجہ پالیسی پر تشویش ہے۔ میاں صاحب سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ کہتے ہیں شیر ہوں۔ یہ کوئی اچھا جانور نہیں۔ درندہ ہے جبکہ سونامی بھی تباہی لاتا ہے ۔ خیبر پختونخوا میں تباہی لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کسی نے نہیںکہا کہ وہ خوش ہے۔ سب نے یہی کہا کہ ہمیں ان سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور پارلیمنٹ کا ایک ساتھ ہونا جمہوریت نہیں۔ میاں صاحب فاٹا والوں کو لالی پاپ دے رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک جج نے کسی کو گاڈ فادر کہہ دیا ہے، اب میں کیا کہوں۔