اسلام آباد... جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے لئے آئینی ترمیم موخر کرنے پر قائل کرلیا۔ فاٹا ارکان نے سمجھوتے سے انکار کردیا اور بجٹ منظوری میں ووٹ نہ دینے کی دھمکی دیدی۔ اطلاعات کے مطابق فضل الرحمان نے چین میں موجود وزیر اعظم نواز شریف کو فاٹا اصلاحا ت کے آئینی بل موخر کرنے پر قائل کرلیا ۔ نواز شریف نے وطن واپسی تک ترمیمی بل موخر کرنے کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے وزیراعظم کا پیغام فاٹا کے ارکان کو پہنچایا تو انہوں نے احتجاج کیا ۔ دریں اثناءمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر کوئی اعتراض نہیں، چاہتے ہیں کہ فاٹا کے عوام کی رائے کے مطابق اصلاحات کی جائیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بارڈر کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ضرور ت ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی آمدو رفت کے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے، اس کی سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔