شاہ سلمان کی بشار الاسد کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت
اردن میں سعودی عرب کے سفیر نایف بن بندر السدیری نے دمشق میں بشار الاسد سے ملاقات کی (فوٹو: اے پی)
سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے شام کے صدر بشار الاسد کو 19 اپریل کو سعودی عرب میں ہونے والے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ سعودی عرب کے اردن میں سفیر نایف بن بندر السدیری نے دمشق میں بشار الاسد سے ملاقات کرکے ان کے حوالے کیا۔
السدیری نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محد بن سلمان کی جانب سے شام اور اس کے عوام کی سکیورٹی اور ملک کے استحکام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
جواب میں بشار الاسد نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خوہشات کا اظہار کیا اور ان کی تعریف کی۔
اتوار کو عرب لیگ نے قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں شام کی عرب لیگ کی رکنیت بحال کی تھی۔
شام کی ممبرشپ 2011 میں حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف بے رحمانہ کریک ڈاؤن کے بعد معطل کر دی گئی تھی۔
اس کے بعد شام میں ہونے والے مظاہرے خانہ جنگی میں تبدیل ہوگئے تھے جس میں پانچ لاکھ سے زائد افراد مارے گئے تھے۔