سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے متعدد ممالک کے وزرائے خزانہ سے اقتصادی تعاون کے امور کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محمد الجدعان نے اسلامی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے پاکستان کے وزیر اقتصادی امور ایاز صادق کے ساتھ خطے کے اقتصادی حالات، پاکستان اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خزانہ نے اجلاس میں شریک برادر ممالک کے وزرائے خزانہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات خصوصا مالیاتی اور اقتصادی شعبوں میں مملکت کے ساتھ تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت کی۔
محمدالجدعان سے لیبیا کے وزیر خزانہ خالد المبروک نے بھی ملاقات کی۔ سعودی عرب اور لیبیا کے درمیان اقتصادی و مالیاتی تعلقات کے استحکام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں ایرانی وزیر خزانہ ڈاکٹر احسان خندوری کے ساتھ دونوں ملکوں کے مشترکہ تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے امکانات پربھی بات چیت کی گئی ہے۔