لندن۔۔۔۔ہندوستانی نژاد برطانوی نے کرکٹ بیٹ کے ڈیزائن پر ریسرچ کی ہے جس کا مقصد گیند پر بیٹ کا’’تسلط ‘‘کم کرنا اور پھر ان دونوں بیٹ اور گیند میں توازن پیدا کرنا ہے۔ اپنی اس ریسرچ کو سرکاری قوانین میں درج کرانا ہے تاکہ اس کا اطلاق اس سال یکم اکتوبر سے ہوسکے۔چن مے گپتاآرتھوپیڈک سرجن ہیں جنہوں نے کھیلوں کے دوران لگنے والے زخموں کے علاج کے بارے میں مہارت حاصل کررکھی ہے۔وہ امپیریل کالج لندن کے سینیئر لیکچرر بھی ہیں۔ انہوں نے کرکٹ بیٹ کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے والی کالج کی ٹیم کی قیادت بھی کی۔میرل بون کرکٹ کلب (ایم سی سی ) نے جواس کھیل کی گورننگ باڈی بھی ہے ڈاکٹر صاحب کی ٹیم کی ریسرچ اپنے قانون میں شامل کرلی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ قانون کی نظر میں بیٹ اور گیند دونوں کو برابر کی حیثیت دی جائے۔پونا میں پیدا ہونیوالے گپتا مہاراشٹر کے کرکٹر مدھوکر شنکر کے صاحبزادے ہیں ۔ وہ خود بھی پروفیشنل کرکٹر رہے ہیں۔ انہوں نے مڈل سیکس اور گلوسسٹر کاؤنٹی کرکٹ کلبوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔طالب علمی کے دور میں انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کرکٹ کے قوانین پر اثر انداز ہونگا۔مجھے خوشی ہے کہ ٹھوس سائنسی ریسرچ کرکے ہم بلے اور گیند کے درمیان توازن قائم کرنے میں مدد کررہے ہیں۔یہ بھی امید ہے کہ ہم کرکٹ کے بارے میں اپنی تحقیق کے نتیجے میں کرکٹرز کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکیں گے۔