Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے ملٹی انٹری وزٹ ویزے میں توسیع نہ ہونے پر کیا کریں؟

ویزے کے حوالے سے میڈیکل انشورنس پالیسی سب سےاہم ہے( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ورک ویزے پرمقیم غیرملکیوں کو یہ سہولت فراہم کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو وزٹ ویزے پر بھی بلا سکتے ہیں۔
امیگریشن قانون کے مطابق وزٹ ویزے فیملی اور کمرشل بنیادوں پر جاری کیے جاتے ہیں۔ فیملی وزٹ ویزے کے لیے غیرملکی کارکن اپنی اہلیہ، بچوں، والدہ اور ساس کے لیے باآسانی ویزا جاری کرانے کا اہل ہوتا ہے۔
 ملٹی انٹری وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا ’اہلیہ کو ملٹی انٹری وزٹ ویزے پربلایا تھا، ویزے میں توسیع کی کارروائی ’ابشر‘ پلیٹ فارم کے تواصل پورٹل سے کے ذریعے کی مگر ویزے کی مدت میں توسیع نہیں ہوئی جبکہ ویزے کی آخری تاریخ بھی قریب ہے کیا کروں؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’ابشرپلیٹ فارم پرموجود تواصل پورٹل کے ذریعے ارسال کی گئی کارروائی کی تکمیل کےلیے ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ  تین ورکنگ ڈیز درکار ہوتے ہیں۔ مقررہ دنوں کے اندر اگرکی گئی کارروائی کا جواب موصول نہ ہواس صورت میں جوازات کے مقررہ پورٹل https://tawasol.gdp.gov.sa/ پرمیسج ارسال کیاجاسکتا ہے‘۔  
واضح رہے جوازات کی جانب سے خصوصی سروس کا مقصد ان امورکے بارے میں مطلع کرنا ہے جو کسی وجہ سے تاخیر کا شکارہوتے ہیں۔ 
’تواصل فالواپ ‘ پورٹل پرلاگ ان کرنے کے بعد وہاں اپنی معلومات فیڈ کرنا ہوتی ہے جس میں نام، اقامہ نمبر، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس (دستاویزات میں کمی وغیرہ کے بارے میں اطلاع دینے کےلیے درکارہوتی ہے) کے علاوہ تواصل کے ذریعے ارسال کی گئی درخواست کا نمبردرج کیاجائے۔ 
 درخواست پر مطلوبہ اندراج کے بعد ریجن کا انتخاب کیاجائے جس ریجن میں آپ مقیم ہیں اس کا انتخاب کرنے کے بعد سیکشن کا انتخاب کیاجائے۔ 

وزٹ ویزے فیملی اور کمرشل بنیادوں پر جاری کیے جاتے ہیں (فوٹو:عرب نیوز)

شعبے کے انتخاب میں ’وزٹ ویزے میں توسیع ‘ کا انتخاب کیاجائے، بعدازاں سروس ’الخدمۃ‘ کا انتخاب کریں ۔ سروس میں بھی وزٹ ویزے کی توسیع (تمدید تاشیرہ زیارہ عائلیہ) کا انتخاب کیاجائے اخر میں انتہائی مختصر الفاظ میں اپنا مطلوبہ مسئلہ بیان کریں جس میں وزٹ ویزے کی توسیع کے حوالے سے معلومات درج کریں ۔ 
ویزے کے حوالے سے میڈیکل انشورنس پالیسی اہم ہے ۔ میڈیکل انشورنس ایسی کمپنی سے کرائی جائے جو سعودی انشورنس کونسل میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہواور جوازات کے سسٹم میں بھی اس کا اندراج ہونا ضروری ہے۔ ۔ 
تواصل سروس پرویزے کی توسیع میں تاخیر کی دوسری وجہ ایک سے زائد بار ایک ہی معاملے کو اپ لوڈ کرنا ہوتا ہے۔ ایسا کرنے پرسسٹم از خود معاملے کو رد کردیتا ہے۔
خیال رہے ابشرپلیٹ فارم پرفراہم کی جانے والی ’تواصل‘ سروس خود کارنہیں ہوتی بلکہ دوسری جانب جوازات کے اہلکارمعاملے کو دیکھ کراسے مطلوبہ قوانین کے تحت مکمل کرتے ہیں۔

شیئر: