لندن .... ایک جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر سڑکوں کے ساتھ درختوں کی باڑ لگادی جائے تو زہریلی گیسوں کا خاتمہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ گاڑیوں سے جو زہریلا دھواں اٹھتا ہے اس کے مضر اثرات بھی ختم کئے جاسکتے ہیں اور یہ باڑ درختوں سے موثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ محققین نے امید ظاہر کی کہ آئندہ نئے شہر بساتے ہوئے ان کی تحقیق سے فائدہ اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علاقوں میں جہاں زیادہ عمارتیں ہوتی ہیں وہاں آلودگی کے سلسلے میں درختوںسے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ اگر باڑ لگادی جائے تو اس سے کھلی فضا میں گاڑیوں سے نکلنے والی زہریلی گیس کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔ یہ جائزہ رپورٹ یونیورسٹی آف سرے نے جاری کی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ شہروں کی منصوبہ بندی کے وقت اس قسم کی باڑ لگانے کے نتیجے میں فضائی آلودگی سے لوگوں اور عمارتوں کو بھی بچایا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ سانس لینے کیلئے صاف ہوا دستیاب ہوگی ۔ ایسی عمارتوں کی عمر بھی بڑھے گی جنکی تعمیر میں چونا یا کاربن اسٹیل استعمال ہوا ہو۔