Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ انتخابات کےلئے مذہبی جماعتو ں کاپلیٹ فارم تشکیل دینگے ، مولانا گل نصیب

فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنا استعماری سازش ہے ، مستقبل میں پی ٹی آئی کہیں نہیں ہو گی ، پختونخوا تاریخ کی بدترین بد انتظامی سے گزر رہا ہے ،جے یو آئی رہنما کااردونیوز کو انٹرویو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جمعیت علماءاسلام خیبر پختونخواکے امیر اور سابق سینیٹر مولانا گل نصیب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے لئے دینی جماعتوں پر مشتمل مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے گا جس کےلئے مستحکم بنیادوں پر لائحہ عمل مرتب کیاجارہا ہے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری پر حملہ دراصل پاکستان کی ترقی اور ملک کے استحکام پرحملہ تھا ۔ جے یو آئی کے صد سالہ اجتماع عام میں لاکھوں افراد کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے عوام اسلامی حکومت کے قیام کے خواہاں ہیں ۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے مملکت آئے ہوئے ہیں اس موقع پر انہوں نے اردونیوز کے دفتر کا دورہ کیا اور ایڈیٹر انچیف طارق مشخص سے خصوصی ملاقات کی ا نکے ہمراہ حافظ طاہر بھائی ، عبدالرزاق واسو، مولانا حمد اللہ عثمانی اورمولانا گل زمین دیشانی بھی موجود تھے ۔ اردونیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مولانا گل نصیب نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات وقت پر ہونگے جس میں جے یو آئی بھاری اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔ تحریک انصاف کا ملک سے صفایا ہو جائے گا ۔ کے پی کے میں حالات انتہائی خراب ہیں بلکہ یہ کہنا درست ہوگا کہ تاریخ کے بدترین بد انتظامی کے دور سے گزر رہا ہے ۔ فاٹا کے حوالے سے سوال پر مولانا گل نصیب کا کہنا تھا کہ دراصل استعماری قوتوں کی کوشش ہے کہ پاکستان سے نقص امن اور دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کیاجائے جس کے لئے وہ اپنے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔ جے یو آئی استعماری اور صہیونی قوتوں کی ہر سازش کو ناکام بنا ئے گی ۔ فاٹا کا خیبر پختونخوا سے الحاق کا شوشہ بھی دراصل استعماری قوتوں کی جانب سے چھوڑا گیا ہے ۔ فاٹا کے قبائل اسے کسی طرح تسلیم نہیں کرینگے۔ پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جمعیت علماءاسلام ملکی سطح پر بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی ۔ انتخابات وقت پر ہونگے فوجی مداخلت کا کوئی امکان نہیں ۔ جے یو آئی ہم خیال مذہبی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرے گی جبکہ دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی ۔ بدعنوانی کے حوالے سے سوال پر مولانا گل نصیب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کرپشن میں ماہر ہے جبکہ موجودہ حکمرا ن اس طریقے سے واقف نہیں ۔ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے ۔ یہ منصوبہ شروع ہوتے ہی دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں ۔ وہ وقت دور نہیں جب دنیا بھر سے لوگ روزگار کی تلاش میں پاکستان کا رخ کریں گے ۔ استعماری قوتیں پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں وہ سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے سازشیں کر رہی ہیں ۔ ریاض سمٹ کے بارے میں مولانا گل نصیب کاکہنا تھا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے ۔ دنیا بھر خاص کر عالم اسلام میں اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے ۔ سعودی عرب کے وژن 2030 کے بارے میں مولانا گل نصیب کا کہنا تھا کہ مستقبل کے اس منصوبے سے سعودی عرب کی معاشی و صنعتی ترقی کی بے شمار راہیں ہموار ہونگی جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونگے ۔

شیئر: