موذی امراض میں مبتلا مریضوں کی نگہداشت پر سیمینار
جدہ .....حیدرآباد پین اینڈ پلیٹیوکیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کینسر اور دیگر موذی امراض میں مبتلا مریضوں کی نگہداشت اور ان کے علاج کے طریقہ کار کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ حافظ و قاری مسعود کی تلاوت کلام پاک کے بعد مرزا قدرت نواز بیگ نے ٹرسٹ کی جانب سے کیئر سنٹر کی تفصیلات بتائی ۔انہوں نے کہا کہ پین اینڈ پلیٹیو کے مریض وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں کینسر،کوما ، نیرو نروسیس جیسے امراض کو لاعلاج قرار دیکر اسپتال والے رخصت کردیتے ہیں ۔مرزا قدرت نے کہا کہ ایسے مجبور اور لاچار لوگوں تک حیدرآباد پین اینڈ پلیٹیو کیئر ٹرسٹ کی ڈاکٹرز اور والنٹیئرز کی ٹیم پہنچ کر ان کا علاج مفت کرتے ہیں ۔ان مریضوں کے اہل خانہ کو مریض کی دیکھ بھال کا نہ صرف طریقہ سکھاتے ہیں بلکہ انہیں دوائیں بھی مفت دیتے ہیں ۔ ضرورت پڑنے پر ایمبولینس کے ذریعے کیئر سنٹر لاتے ہیں۔ میر محمود علی نے بتایا کہ 2016ءمیں ہم نے حیدرآباد میں سینٹر قائم کیا۔ اب تک 50سے زائد مریضوں کا علاج ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا۔ یہ کام بلا تفریق ، بلا مذہب و ملت ہر بیمار کیلئے کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ٹیبلو کے ذریعے بتایاگیا کہ مریض کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہئے۔ ٹیبلو میں مریض کا کردار الطاف المیلکرنے نبھایا جبکہ ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ،میل نرس عامر عبدالغفار، والینٹیئر امجد جبکہ مریض کے بیٹے کا کردار میر محمود علی اور پوتے کا محمد عظیم الدین نے کردار نبھا کر ثابت کیا کہ کسطرح خاندان اور کیئر سنٹر کے ذمہ داران متحد ہوکر مریض کو موت کے منہ سے نکلواتے ہیں ۔ عامر عبدالغفار نے اس موقع پر مریض کے افراد خاندان اور مریض کو صفائی کا خیال رکھنے اور بیڈسوز سے مریض کو بچانے کی تدابیر اور مرہم پٹی کے طریقے کار کو تفصیلی طور پر بتایا۔ اس موقع پر حیدرآباد سے آئے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے اینکر آصف نے بھی اس کام کو اور کرنے والوں کے جذبے کو سراہا۔ تقریب سے اعجاز احمد خان ، شعیب ، عبدالقادر میمن اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔