مملکت کے کئی علاقے جمعرات سے اتوار تک بارش کی زد میں
گرد آلود تیز ہواؤں سے ریاض ریجن کی کمشنریاں متاثر ہوں گی (فوٹو: اخبار 24)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اتوار تک بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کا اہمتام کریں‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن میں بارش کا امکان ہے۔ مختلف مقامات پر سیلاب کا بھی خطرہ ہے‘۔
طائف، میسان، اضم، الخرمہ، العرضیات، تربہ، رنیہ، المویہ، اور قیا میں گرد آلود تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ عسیر، باحہ، جازان اور نجران کے علاقے بھی بارش اور ژالہ باری سے متاثر ہوں گے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ’ ریاض ریجن میں بارش متوقع ہے۔ گرد آلود تیز ہواؤں سے ریاض ریجن کی بیشتر کمشنریاں متاثر ہوں گی‘۔
مکہ مکرمہ ریجن میں مقدس شہر کے علاوہ چھ کمشنریوں، حائل، قصیم، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجنوں میں بھی اتوار تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق جمعرات سے اتوار تک ریاض شہر، الدرعیہ، المجمعہ، الزلفی، الغاط، رماح، ثادق، حوطہ بنی تمیم، الحریق اور الدلم کمشنریاں بارش کی زد میں رہیں گی۔