نئی دہلی .... ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنووا نے ایک غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے فضائیہ کے ہر افسر کو ایک ذاتی خط میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی مختصر نوٹس پر کارروائی کرنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے جو خط تحریر کیا ہے اس پر 30مارچ کی تاریخ درج ہے۔ اس خط میں انہوں نے اقربا پروری اور خواتین اہلکاروں کو ہراساں کرنے کے واقعات کا بھی ذکر کیا ہے۔ واضح رہے کہ 3ماہ قبل ہی انہوں نے فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے چارج سنبھالا تھا۔ یہ خط ہندوستانی فضائیہ کے 12ہزار سے زیادہ افسران کو بھیجا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فضائیہ کے کسی سربراہ نے تمام افسران کو اس طرح کے خطوط تحریر کئے ہوں۔ انہوں نے تحریر کیا کہ ہمیں شارٹ نوٹس پر آپریشن کرنے کیلئے درکار تربیت پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ روایتی خطرے سے انکی مراد پاکستان کی جانب سے نیابتی جنگ چھیڑنے سے ہے۔