ایجبسٹن...قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک خلا پیدا ہو گا ۔ یہ نوجوانوں کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے خلا پر کریں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ ٹیم کی ازسرنو تعمیر اور اسے دوبارہ بنانے کا بہترین موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز شاندار رہی ۔نئے کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس کی سیریز شاندار رہی، شاداب اور حسن علی نے بھی ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ون ڈے میں بہت سخت محنت کی ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جدید دور کی کرکٹ کھیلی۔ اس طرز کی کرکٹ کھیلی جو ہم کھیلنا چاہتے ہیں۔ ڈاٹ گیندوں اور یارکرز سمیت ان تمام چیزوں پر کام کیا جو ہمارے لئے چیمپیئنز ٹرافی میں اہمیت کی حامل ہوں گی۔