Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیر کویت کی شان میں گستاخی پر سارہ الدریس کو جیل

کویت(نیوز ڈیسک) کویت پبلک پراسیکیوٹر نے معروف قلمکار خاتون سارہ الدریس کو امیر کویت کی شان میں گستاخی پر جیل بھجوا دیا۔ ریاستی سلامتی کا مقدمہ دائر کردیاگیا۔ کویتی عدلیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ الدریس نے گرفتاری کا آرڈر جاری ہونے پر خود کو متعلقہ حکام کے حوالے کردیا۔ سرکاری وکیل نے ان سے پوچھ گچھ کی۔ انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ الدریس نے گرفتاری کا حکم جاری ہونے پر ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ میں نہ تخریب کار ہوں اور نہ تباہی کی علمبردار ۔ میری انتہائی آرزو یہ تھی کہ میرا وطن دنیا بھر میں اول ہواور کویت دنیا کا سب سے خوبصورت ملک ہوجائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر امیر کویت کی شان میں گستاخی کا الزام لگانے والے جانتے ہیں کہ سارہ الدریس ایسی نہیں۔ میری ماں نے میری اچھی تربیت کی ہے۔ اگر مجھے طلب کیا گیا تو میں فوراً حاضر ہوجاؤں گی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مجھے گرفتاری کا علم ٹوئٹر کے ذریعے ہوا۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ میرا نام ایک مجرم کے طور پر لیاگیا۔

شیئر: