وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے دوکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کمرشل ایریاز رات آٹھ بجے بند ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوکانیں بند کرنے کا فیصلہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس میں سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ حکومت گرین انرجی کو فروغ دے گی، ایل ای ڈی بلب لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے ای پاکستان یعنی ڈیجیٹل پاکستان ہے۔ ’اس وقت دنیا میں ڈیجیٹل انقلاب آیا ہوا ہے اور ڈیجیٹل انقلاب تمام پیداواری ذرائع کو نئی بنیادوں پر استوار کر رہی ہے۔‘
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کوئی معیشت مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ’اس لیے ہم نوجوانوں کو ڈیجیٹل لٹریسی دے رہے ہیں۔ نظام تعلیم کو ڈیجیٹل ایجوکیشن سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ انٹرنیٹ فار آل کے منصوبے کو پروموٹ کر رہے ہیں۔‘