Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کا الاتحاد  کلب میں خیرمقدم

سعودی عرب کی موجودہ چیمپیئن فٹبال کلب الاتحاد کے شائقین نے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کے کھلاڑی کریم بینزیما سے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کی جانب سے اتوار کی صبح اعلان کیا گیا ہے کہ 35 سالہ فرانسیسی فارورڈ  کریم بینزیما 14 سیزن کھیلنے کے بعد رخصت ہو رہے ہیں۔
کلب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی معروف فٹبال کلب الاتحاد کی جانب سے کریم بینزیما کو ایک منافع بخش پیشکش موصول ہوئی ہے۔
فرانسیسی فٹبالر اپنے سابق ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کی النصر کلب میں شمولیت کے بعد  سعودی عرب میں کھیلنے والے دوسرے بڑے سٹار بن سکتے ہیں۔
کریم بینزیما کی جانب سے اتوار کو اس بات کی تصدیق کے بعد کہ وہ  اس سال موسم گرما میں اپنی کلب کو خیرباد کہہ دیں گے یہ  رپورٹس گردش کرنے لگی تھیں۔
سعودی چیمپین فٹبال کلب الاتحاد کے حامی اب یہ امید کر رہے ہیں کہ  آئندہ چند دنوں میں لیجنڈ کھلاڑی کے ساتھ معاہدے پر مہر ثبت ہو سکتی ہے۔
کھیل پر تبصرہ کرنے والے صحافی حمزہ السید نے بتایا ہے کہ فرانسیسی کھلاڑی کریم بنزیما  سعودی عرب کی کلب کے لیے بہترین ثابت ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ چیمپیئنز لیگ کے اعزاز کے حصول میں کریم بینزیما رئیل میڈرڈ کے لیے بہت اہم رہے ہیں اور حالیہ برسوں میں  وہ رئیل میڈرڈ کے لیے کھیلنے والے لیجنڈری کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔

اتحاد کلب کی کالی پیلی شرٹ پہنے دیکھنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ فوٹو عرب نیوز

الاتحاد کلب کے ایک بڑے حامی عمر ابو الفراج  جو 14 سال کی عمر سے فٹبال چیمپئن شپ سیزن کے ٹکٹ ہولڈر ہیں اور شاید ہی کوئی میچ ہو جو ان سے چھوٹا ہو انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس خبر پر انتہائی خوش ہیں۔
عمر ابو الفراج نے کہا کہ میرے خیال میں اتحاد کلب اپنے مداحوں کے لیے اس سال بہت اچھے لمحات کا انعقاد کر رہا ہے۔
الاتحاد کلب کی سپورٹر سارہ عزیز نے ٹویٹ کیا ہے کہ بینزیما سب کی نظریں آپ پر ہیں، آپ کو اتحاد کلب کی کالے اور پیلے رنگ کی شرٹ پہنے دیکھنے کا ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

اتحاد کلب مداحوں کے لیے بہت اچھے لمحات کا انعقاد کر رہا ہے۔ فائل فوٹو ای پی اے

االاتحاد کلب کے ایک اور مداح فیصل الحربی نے ٹویٹ کیا ہے کہ بینزیما کو مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے فٹبال کلب میں خوش آمدید۔
ولید الشراری نے اپنے ٹویٹ  میں لکھا ہے کہ بینزیما آپ کی قسمت بہت اچھی ہے ، آپ یورپ کی عظیم فٹبال کلب چھوڑ کر اب ایشیا کے عظیم ترین کلب میں آ رہے ہیں۔

شیئر: