Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ اہم اشیا جن کے بغیر آپ کا سفر ادھورا ہے

سفر کے دوران یہ ضروری ہے کہ آپ کے پاس انٹرنیشنل میڈیکل انشورنس پالیسی ہو۔ (فائل فوٹو: پکسابے)
سفر کے دوران مسافروں کو بعض اہم اشیا کی اشد ضرورت ہوتی ہے جن کے بغیرسفر ادھورا ہو جاتا ہے۔ کسی بھی سیاحتی سفر پر نکلنے سے قبل کون سی چیزیں اپنے ہمراہ رکھنا ضروری ہیں سیدتی میگزین کے زِیرنظر مضمون میں انہیں بیان کیا گیا ہے۔

پاسپورٹ کی ایک فوٹو کاپی

بین الاقوامی سفر کا تصور پاسپورٹ کے بغیر ممکن ہی نہیں ہوتا تاہم بیشتر افراد پاسپورٹ ہی رکھنے پر اکتفا کرتے ہیں اوروہ احتیاطی طور پر اس کی کوئی اضافی کاپی اپنے ہمراہ نہیں رکھتے۔
سفر پر جانے سے قبل آپ کو چاہیے کہ پاسپورٹ کی ایک سے زائد فوٹو کاپیاں جدا جدا سفری بیگوں میں رکھ لیں۔ اگرسفر کے دوران اصل پاسپورٹ گم ہو جائے تو اس صورت میں آپ فوٹوکاپی کے ذریعے اپنے ملک کے سفارت خانے میں فوٹو کاپی دکھا کر پاسپورٹ کی نقل حاصل کر سکتے ہیں۔

بجلی کا پلگ

مختلف ممالک میں بجلی کے پلگ کے ساکٹ مختلف استعمال ہوتے ہیں۔ اس لیے اپنے ہمراہ ایسے پلگ رکھیں جو متعدد طریقوں سے استعمال ہو سکے۔ مثال کے طور پر کہیں دو پنوں والا ساکٹ ہوتا ہے جبکہ کہیں تین پن والا، اس لیے اس امر کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاس ایسا ملٹی پلگ اڈاپٹر ہو جس سے آپ اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ وغیرہ کو چارج کر سکیں۔

عالمی انشورنس پالیسی

سفر کے دوران کسی بھی نوعیت کا طبی مسئلہ پیش آنے پر یہ ضروری ہے کہ آپ کے پاس انٹرنیشنل میڈیکل انشورنس پالیسی ہو۔
کارآمد پالیسی نہ ہونے کی صورت میں آپ کو طبی ضرورت پڑنے پر ہسپتال کا ہوشربا بل آپ کو پریشان کر دے گا۔ اگر کارآمد انشورنس پالیسی ہو تو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

سفر پر جانے سے قبل آپ کو چاہیے کہ پاسپورٹ کی ایک سے زائد فوٹو کاپیاں جدا جدا سفری بیگوں میں رکھ لیں۔ (فوٹو: پکسابے)

آرام دہ جوتے

اپنے سفری سامان میں ایسے جوتے ضرور رکھیں جنہیں استعمال کرنے پر آپ کے پاوں زخمی نہ ہوں، کیونکہ سیاحتی سفر میں آپ کوکتنا پیدل چلنا پڑ سکتا ہے اسے مدنظررکھنا ضروری ہے۔ آرام دہ جوتے ہونے کی صورت میں آپ کو پیدل چلنے میں کسی قسم کی دشواری نہیں ہو گی۔

مقامی کرنسی

جس ملک میں آپ کا ٹرپ ہو وہاں کی کرنسی اپنے پاس ضرور رکھیں کیونکہ بعض اوقات غیرملکی کرنسی قبول نہیں کی جاتی، اس صورت میں آپ کودشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کیمرہ

اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے کیمرے کو فراموش نہ کریں۔ اگرچہ فی زمانہ موبائل فون کیمروں سے لیس ہیں۔ کیمرے والا فون نہ ہو تو اس صورت میں اپنے ہمراہ کیمرہ ضرور رکھیں۔

شیئر: