Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن بن گیا، فائنل میں انڈیا کو 209 رنز سے ہرا دیا

وراٹ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے انڈیا کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں 209 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 444 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں انڈین ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں وراٹ کوہلی 49، اجنکیا رہانے 46 اور کپتان روہت شرما نے 43 رنز سکور کیے۔
دوسری اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے کینگروز کی طرف سے نیتھن لائن نے 4، سکاٹ بولینڈ نے 3 اور مچل سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
سنیچر کو اوول میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کر دی تھی، اور یوں پچھلی اننگز کی 173 رنز کی لیڈ کے ساتھ انڈیا کو 444 رنز کا ہدف دیا۔ ایلکس کیری 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ مچل سٹارک 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انڈیا کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے تین اور محمد شامی اور امیش یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
بولرز کے لیے سازگار وکٹ پر انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈیا کی دوسری اننگز
بڑے ہدف کے تعاقب میں انڈیا کی جانب سے روہت شرما اور شبھمن گل نے اننگز کا تیز آغاز کیا۔ لیکن شبھمن گل زیادہ تر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنز بنا کر سکاٹ بولینڈ کی گیند پر کیمرون گرین کو کیچ تھما بیٹھے۔
انڈین کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن وہ بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 60 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس سے اگلے اوور میں کمنز نے پجارا کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔
اس موقع پر وراٹ کوہلی اور اجنکیا راہانے اپنی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور مضبوطی سے وکٹ پر کھڑے رہے، تاہم پانچویں دن کے پہلے گھنٹے وراٹ کوہلی 49 رنز پر سکاٹ بولینڈ کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
وراٹ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ رویندرا جڈیجہ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے دو گیندوں بعد سکاٹ بولینڈ کی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
انڈیا کی چھٹی وکٹ اجنکیا رہانے کی صورت میں گری جب وہ 46 کے سکور پر مچل سٹار کی گیند پر الیکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد شارُدل ٹھاکر، اُمیش یادو، سری کار بھارت اور محمد سراج یکے بعد دیگرے کینگروز کا نشانہ بن گئے اور پوری ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز
کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے جلد ہی کیمرون گرین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، وہ 18 رنز بنا کر جڈیجہ کی گیند پر انہیں ہی کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد مچل سٹارک کریز پر آئے اور ایلکس کیری کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 93 رنز کی شراکت داری بنی۔ سٹارک 57 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر محمد شامی کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کے 469 رنز کے جواب میں انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کی پہلی اننگز
آسٹریلیا کے 469 رنز کے جواب میں انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انڈیا کے ٹاپ بیٹرز آسٹریلین پیسرز کے آگے بے بس نظر آئے۔ صرف اجنکیا راہانے 89، شَردل ٹھاکر 51 اور رویندرا جڈیجہ نے 48 رنز بنا کر مزاحمت دکھائی اور ٹیم کے سکور کو یہاں تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین اور کیمرون گرین اور سکاٹ بولینڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز
آسٹریلیا کی پہلی اننگز ٹریوس ہیڈ اور سٹیون سمتھ کے نام رہی جنہوں نے اپنی شاندار بلے بازی سے نہ صرف ٹیم کو دباؤ سے نکالا بلکہ 469 رنز بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ دونوں بالترتیب 163 اور 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایلکس کیری نے بھی 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ انڈیا کی جانب سے محمد سراج نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: