سعودی وزیر صحت کا دورہ برطانیہ، ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال
سعودی وزیر صحت کا دورہ برطانیہ، ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال
ہفتہ 17 جون 2023 20:46
سرمایہ کاری بڑھانے میں نجی شعبے کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران نجی شعبے کے سی ای اوز سے ملاقات میں ہیلتھ کیئر کی حکمت عملی، شراکت داری، ڈیجیٹل تبدیلی اور بائیو ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر صحت نے ہیلتھ کیئر، اختراع، بائیو ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل اور سرمایہ کاری میں سعودی اور برطانوی تعاون کو بڑھانے میں نجی شعبے کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاسوں میں سرمایہ کاری کمپنیوں، یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز کے نمائندوں نے شرکت کی جس میں سعودی وزارت صحت نے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے پروگرام اور تحقیق، ترقی، اختراعات اور مہارت کے تبادلے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔
سعودی وزارت نے سعودی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام سےحاصل ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جس میں صحہ ورچوئل ہسپتال بھی شامل تھا جسے فروری 2022 میں مملکت کی جانب سے ہیلتھ کیئر کے شعبے کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ صحہ ورچوئل ہسپتال کا آغاز اس سال فروری میں مملکت کے ہیلتھ کیئر سیکڑ کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا جو ملک کے وژن 2030 پروگرام کا حصہ ہے۔
150 سے زیادہ ہسپتالوں کے ساتھ منسلک اور سعودی عرب میں 34 سے زیادہ خصوصیات کا احاطہ کرنے والا صحہ ورچوئل ہسپتال دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں پہلا ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔
مریضوں کو سپیشلائزڈ ڈاکٹروں کو دکھانے کے لیے مملکت کے مختلف حصوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہو گی اور نہ انہیں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک محدود رکھا جائے گا۔
اس سے قبل ایک اہلکار نے عرب نیوز کو بتایا تھا کہ مریض اب ایک ہی کنسلٹنگ روم سے دوسری اور تیسری طبی رائے حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹروں کے ساتھ ویڈیو کالز کے برعکس صحہ ورچوئل ہسپتال مریضوں کو اپنے مقامی ہسپتال کا دورہ کرنے اور مملکت بھر کے اعلیٰ ماہرین کے ساتھ حقیقی وقت میں لائیو ویڈیو کلینکل سیشن میں شرکت کرنے کی اجازت دیتا ہے۔