انڈین ایئرلائن انڈی گو کا ایئربس سے 500 جہاز خریدنے کا معاہدہ
’انڈی گو‘ کا ایئر بس سے 500 جہاز خریدنا کمرشل ایوی ایشن کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر ہوگا۔
انڈیا کی سب سے بڑی ایئر لائن کمپنی انڈی گو نے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ایئربس سے 500A-320 جہاز خریدے گی۔
انڈین میڈیا کے مطابق انڈی گو کا ایئربس سے 500 جہاز خریدنا کمرشل ایوی ایشن کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر ہو گا۔
انڈی گو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ نیا آرڈر انڈی گو اور ایئربس میں نیا سٹریٹیجک تعلق پیدا کرے گا جو کہ بے مثال طور پر گہرا ہو گا۔‘
انڈین ایئرلائن کے مطابق تیل کی بچت والا اے 320 نیو فیملی ایئرکرافٹ آپریشنل اخراجات کو کم کرنے میں مدد دے گا اور اس سے تیل کی بچت اعلٰی سطح کی پائیداری کے ساتھ ہو گی۔
انڈی گو کے سی ای او پیٹر ایلبرز نے کہا کہ ’انڈی گو کے 500 ایئر بس اے 320 فیملی ایئر کرافٹ کے تاریخی آرڈر کے فوائد کو بیان کرنا مشکل ہے۔ اگلے 10 برسوں میں تقریبا ایک ہزار نئے جہازوں کے آرڈر سے انڈی گو انڈیا میں اپنی معاشی پیداوار، سماجی روابط اور آمدورفت کے مشن کو مکمل کر پائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ آرڈر انڈی گو کی انڈیا کی ترقی میں شراکت کا واضح اظہار ہے۔‘
انڈی گو کے بیان کے مطابق ’آج انڈی گو 300 سے زائد جہاز آپریٹ کر رہا ہے اور پچھلے آرڈرز سے اِن کی تعداد 480 بنتی ہے، جو کہ آج سے لے کر رواں دہائی کے آخر تک ڈیلیور ہوجائیں گے۔ اس کے ساتھ 2030 سے 2035 کے درمیان مزید 500 جہازوں کا آرڈر دیا جائے گا۔ انڈی گو کی آرڈر بُک میں اگلے 10سالوں میں تقریباً ایک ہزار جہاز ڈیلیور ہوں گے۔ انڈی گو کی بُک میں اے 320 نیو، اے 321 نیو، اور اے 321 ایکس ایل آر شامل ہیں۔‘