Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں چینی ریستورانوں پر کلہاڑی سے حملہ، چار افراد زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے (فوٹو: اے پی)
نیوزی لینڈ میں تین ریستورانوں پر کلہاڑی بردار شخص کے حملوں سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ شمالی آکلینڈ کے مضافاتی علاقے البانے میں رات گئے پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں چینی ریستوران تھے اور ایک دوسرے کے قریب قریب واقع تھے۔
پولیس نے واقعے کے بعد ایک 24 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ یہ وہی شخص ہے جس نے حملہ کیا تھا۔
پولیس کی جانب سے ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ حملے کے پیچھے کا مقاصد کارفرما تھے۔
آکلینڈ کے سٹی ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حملے کا شکار ہونے والے ایک زخمی کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اسی طرح نارتھ شور ہسپتال میں تین زخمیوں کو پہنچایا گیا جن میں سے ایک زیادہ زخمی تھا جبکہ باقی دو معمولی زخمی تھے۔
حملے کا نشانہ بننے والے ایک ریستوران کے عملے میں شامل ایک شخص نے اخبار نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو بتایا کہ اچانک ایک شخص اندر گھس آیا اور حملہ کر دیا۔
 ان کے مطابق ’میں نے اس کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے مجھ پر بھی حملہ کر دیا مگر میں نے کلہاڑی پکڑ لی تاہم اس کے باوجود وہ میرے سر کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا رہا۔‘
عملے کے ارکان کا کہنا ہے کہ اس کے فوراً بعد وہ ریستوران سے نکل گیا اور قریبی دورسرے ریستوران میں گھس گیا اور وہاں لوگوں کو زخمی کر دیا۔
ہیرالڈ اخبار نے اپنی ویب سائٹ پر خون آلود کلہاڑی کی تصویر بھی شائع کی ہے جس میں وہ فرش پر پڑی ہوئی ہے۔
پولیس کے اعلٰی عہدیدار ٹیموتھی ولیمز کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی شواہد نہیں ملے کہ حملہ آور کا کوئی اور ساتھی اس میں شامل ہو بلکہ یہ اس کا انفرادی کام تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور پر مزید الزامات عائد کیے جانے کی بھی توقع ہے اور اس کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شیئر: