Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مانچسٹر سٹی کے مینجر اہل خانہ کے ہمراہ مصر کی سیاحت پر

گارڈیوولا نے سلطان صلاح الدین ایوبی قلعہ اور محمد علی مسجد کا دورہ بھی کیا۔ فوٹو انسٹاگرام
انگلش پریمیئر لیگ اور یورپی فٹ بال چیمپئن مانچسٹر سٹی کے ہسپانوی مینیجر جوزف پیپ گارڈیوولا اپنے اہل خانہ کے ساتھ مصر میں موسم گرما کی تعطیلات گزارنے پہنچے ہیں، اس ٹور سے مصر کی سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گا۔
عرب نیوز کے مطابق مصر کی جنرل اتھارٹی فار ٹورازم پروموشن کے سی ای او عمر القادی نے  بتایا ہےکہ معروف ہسپانوی کوچ  کا ان کے اہل خانہ سمیت جمعرات کی شام قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا گیا۔

جوزف پیپ گارڈیوولا  کے سوشل میڈیا پرلاکھوں فالوروز ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

ہسپانوی فٹبال کوچ گارڈیوولا دو دن قاہرہ میں گزارنے کے بعد مزید چھ دنوں کے لیے قاہرہ کے تاریخی مقامات الاقصر اور  اسوان کی سیر کریں گے۔
مصر کی ٹورازم پروموشن اتھارٹی کے مطابق ایسی معروف شخصیت کا سیاحت کے لیے یہاں آنا بین الاقوامی طور پر مصر کی سیاحت کو مزید فروغ دے گا۔
قبل ازیں ہسپانوی کوچ اور ان کے اہل خانہ کا قاہرہ ائیرپورٹ پر استقبال کرنے والی کمیٹی میں مصر کی جنرل اتھارٹی فار ٹورازم پروموشن کی ڈائریکٹر نسرین عثمانلی شامل تھیں۔
نسرین عثمانلی نے بتایا ہے کہ ہم  نے مصر کی سیاحتی اور آثار قدیمہ کے مقامات کے بارے میں مختلف یادگاری شیلڈز اور گلدستوں کے ساتھ مانچسٹر سٹی کے مینیجر کا اپنے دفتر کے سٹاف کے  ہمراہ استقبال کیا۔

ہسپانوی کوچ  الاقصر اور  اسوان کی سیر بھی کریں گے۔ فوٹو ٹوئٹر

جوزف پیپ گارڈیوولا نے اپنے آٹھ روزہ دورے کا آغاز قاہرہ سے کیا ہے اور ان کا سیاحتی سفر اسوان گورنریٹ کے تاریخی علاقے ابو سمبل میں اختتام پذیر ہوگا۔
نسرین عثمانلی نے بتایا ہے کہ معزز مہمانوں کو جنرل اتھارٹی فار ٹورازم پروموشن کی جانب سے ایک ہوٹل میں ظہرانے پر مدعو کیا گیا ہے۔
مہانوں کو بطور یادگار مصر کے  قدیم حکمراں شاہ توتن خامن کے ماسک  کی طرز کا تحفہ بھی پیش کیا جائے گا۔

مہانوں کو  توتن خامن کے ماسک  کا تحفہ پیش کیا جائے گا۔ فوٹو ٹوئٹر

اس موقع پر سیاحت اور آثار قدیمہ کے ماہر احمد عفت نے بتایا کہ گارڈیوولا نے سلطان صلاح الدین ایوبی قلعہ اور محمد علی مسجد کا دورہ بھی کیا ہے جو فن تعمیر کا شاہکار ہیں۔
گارڈیوولا کے سفر کا انتظام و اہتمام کرنے والی کمپنی کے  ذمہ دار صلاح عتروس نے بتایا کہ  گارڈیوولا کو رواں سال گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے کئی ممالک سے پیشکشیں تھیں لیکن انہوں نے مصر کی سیاحت کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ اور یورپی فٹ بال چیمپئن مانچسٹر سٹی کے مینجر جوزف پیپ گارڈیوولا  بین الاقوامی سطح پر معروف شخصیت ہیں اور سوشل میڈیا پر ان  کے لاکھوں فالوروز ہیں۔

شیئر: