پُراسرار گمشدگی کے 8 سال بعد واپسی، ’کہاں رہا کسی کو نہیں معلوم‘
آٹھ سال قبل روڈی کے ساتھ نکلنے والے کتے بغیر پٹے کے الگ الگ گھر پہنچ گئے تھے۔ (فوٹو: اینیمل کائنڈ)
امریکی ریاست ٹیکساس سے لاپتہ ہونے والا لڑکا آٹھ سال بعد 25 سالہ شخص کے طور پر لوٹ آیا ہے تاہم یہ کسی کو یہ معلوم نہیں کہ یہ عرصہ کہاں اور کیسے گزرا۔
امریکی ٹی وی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق ’ٹیکساس سنیٹر فار مِسنگ‘ کا کہنا ہے کہ ہوسٹن سے تعلق رکھنے والے روڈی فاریس شاید کسی ’محفوظ مقام‘ پر رہے ہیں اور اس وقت ہسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کو صحت کا کیا مسئلہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ روڈی فاریس چھ مارچ 2015 کو اس وقت گھر کے قریب سے پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے جب وہ اپنے دو کتوں کے ساتھ چہل قدمی کے لیے نکلے تھے۔
’دونوں کتے بعدازاں الگ الگ بغیر اپنے پٹے اور رسی کے گھر پہنچ گئے تھے، روڈی فاریس جو اس وقت 18 برس کے تھے، کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا۔‘
روڈی کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ وہ شدید اضطراب کا شکار تھے خصوصاً اس موٹر سائیکل حادثے کے بعد سے جس میں انہوں نے بڑے بھائی کو کھو دیا تھا۔
فاریس کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کے گھروالوں کی جانب سے ایک نجی سراغ رساں برینڈا پیراڈائز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جنہوں نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اپریل 2015 میں بتایا تھا کہ ’انہوں (روڈی) نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے بہترین دوست کو مرتے ہوئے دیکھا تھا۔
’ان کا بھائی ان کا بہترین دوست تھا، ان کے ساتھ ایسے واقعات گزرے جن سے اس عمر میں کسی کو نہیں گزرنا چاہیے۔‘
گھر والے اسے کھیلنے کودنے کی ہدایت کرتے مگر وہ عام بچوں کی طرح نہیں تھے جس پر خاندان والے بہت فکرمند تھے اور وقت گزرنے کے باوجود یہ سلسلہ کم نہیں ہو رہا تھا۔
برینڈا پیراڈائز کے مطابق ’اس خاندان کو بہت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، جو بھی ہوا لیکن ایک ماں اپنے بیٹے کی حالت کے حوالے سے جواب چاہتی ہے۔‘
اس حوالے سے مزید معلوم نہیں ہو سکا کہ روڈی فاریس آٹھ سال تک کہاں رہے، وہ کیوں چلے گئے تھے اور کیسے لوٹ آئے ہیں۔