اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں پر دو مختلف علاقوں میں فائرنگ، ملزم سمیت دو ہلاک
جمعرات 6 جولائی 2023 6:47
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس ٹوئٹر
اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے دو مخلتف واقعات میں ایک افسر اور ایک حملہ آور کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق چیمبر روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس پر کار میں سوار ملزمان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کی چلائی گئی دو گولیاں پولیس اہلکار کو لگیں جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
’ملزمان کی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی ملزم بھی شدید زخمی ہو گیا جس کو چھوڑ کر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا جس کی شناخت صیام کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم ہسپتال جا کر دم توڑ گیا۔‘
پولیس کے مطابق ملزمان قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
’ملزمان سیکٹر جی تیرہ میں ایک طالب علم کے قتل، مختلف علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔‘
پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان متعدد سنگین جرائم کی وارداتوں میں راولپنڈی پولیس کو بھی مطلوب تھے۔
فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
بدھ کی رات ایک پولیس افسر بھی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے کانسٹیبل عنصر محمود پر آئی جے پی روڈ پر فائرنگ کی گئی تھی اور وہ گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
اسلام آباد پولیس کے سربراہ ڈاکٹر اکبر ناصر خاں رات گئے پمز ہسپتال پہنچے اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی اور تفتیشی ٹیم کو جلد از جلد وقوعہ کی ہر زاویے سے تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔