اضم ..... 31ہزار ریال کا بجلی کا بل دیکھ کر مقامی شہری کے ہوش اڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق علی الجابری ،اضم کمشنری کے ا یک دور دراز قریہ میں سکونت پذیر ہے اسکا کہناہے کہ 2برس قبل اس کے بھائی کے گھر کا بل 75 ہزار ریال آیا تھا۔ بجلی کمپنی نے گفت وشنید کے بعد بل کم کرکے 19438 ریال کردیا تھا۔ بھائی نے بل جمع کرادیا تھا اورپھر اپنا میٹر مجھے دیدیا تھا۔ میں نے بجلی کمپنی سے درخواست کی کہ اب جبکہ پرانے بل کا تصفیہ ہوچکا ہے اور متعلقہ بجلی میٹر میرے نام منتقل ہورہا ہے تو مجھے زیرو بل فراہم کردیا جائے۔کمپنی نے ایک ماہ انتظار کرایا اور اس کے بعد مزید ایک ہفتے انتظار کیلئے کہا۔ آخر میں کمپنی نے مجھے 31ہزار ریال کا بل پکڑا دیا۔احتجاج پر بل کی رقم کم کرکے 24ہزار کردی گئی ۔ آخر میں 13ہزارکا بل جاری کردیا گیا۔مقامی شہری کا شکوہ یہ ہے کہ ایک ماہ کا بل 31ہزار یا 13ہزار کیسے ہوسکتا ہے۔ میں نے یہ سوچ کر کہ معاملہ گڑبڑ ہے اور مجھ پر ظلم ہوا ہے بل ادا نہیں کیا اس پر کمپنی نے کنکشن ہی ختم کردیا۔ آخر میں 10ہزار ریال بل جمع کراکر کنکشن بحال کرنے کی درخواست دی تو کہا گیا کہ پہلے 3ہزار ریال جمع کراﺅ اسکے بعد ہی بجلی بحال ہوگی۔ بجلی کمپنی کے ترجمان عبداللہ الرکف کا کہناہے کہ یہ ایک ماہ کا بل نہیں بلکہ بقایا جات پر مشتمل ہے۔