گال ٹیسٹ میں چیلنج کے لیے تیار ہیں: بابر اعظم
ہفتہ 15 جولائی 2023 15:09
بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں تمام فارمیٹس میں مستقل مزاجی دکھانی ہو گی۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اتوار سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹیم کی ریڈبال فارمیٹ میں واپسی پر وہ بہت پرجوش ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بابر اعظم نے کہا کہ تمام نظریں گال ٹیسٹ پر ہیں اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
’فی الحال وہ ایک وقت میں ایک چیز کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن ہمیں تمام فارمیٹس میں مستقل مزاجی دکھانی ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ گال ٹیسٹ کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ ہمارے 13 کھلاڑی گزشتہ برس یہاں آ چکے ہیں۔ سپنر ابرار احممد ہمارے کامبی نیشن میں ایک اچھے آپشن کے طور پر سامنے آئے ہیں اور یہ دورہ ان کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہو گا۔ ہمیں ان سے اس سیریز اور مستقبل میں بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔
شاہین شاہ کی واپسی کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں سب سے زیادہ خوشی شاہین شاہ آفریدی کی واپسی کی ہے۔ ان کی وکٹ لینے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ ان کی موجودگی ہی ٹیم کے حوصلے بلند کرتی ہے۔
’مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ خود شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ کرکٹ کو کتنا یاد کرتے تھے اور اب وہ اس کے لیے تیار ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو گال میں شروع ہو گا۔ یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 25-2023 میں گرین شرٹس کا پہلا ٹیسٹ بھی ہے۔
اس سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔