Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، عمران خان آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے

وارنٹ کے متن کے مطابق عمران خان کو گرفتار کر کے 25 جولائی کو صبح 10 بجے الیکشن  کمیشن کے روبرو پیش کیا جائے۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
پیر کو توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
وارنٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان اس سے قبل دو موقع پر مقررہ تاریخ پر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔
’اب عمران خان کو گرفتار کر کے 25 جولائی کو صبح 10 بجے الیکشن  کمیشن کے روبرو پیش کیا جائے۔‘
تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ‏الیکشن کمیشن آف پاکستان کا نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کی رہائش گاہ پر موصول ہو گیا ہے۔ 
پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق ’نوٹس قانونی ٹیم کے رکن رائے محمد علی ایڈووکیٹ نے موصول کیا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف سے 25 جولائی کو پیش ہونے کا تقاضا کیا ہے۔ 
’چیئرمین تحریک انصاف کل الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے۔‘

عمران خان کی بہنوں سمیت 22 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں، حماد اظہر، فرخ حبیب اور مراد سعید سمیت 22 رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پیر کو لاہور کی انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں تفتیشی افسر کی جانب سے 22 رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ ’جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس) حملہ کیس میں حماد اظہر، فرخ حبیب، اعظم خان سواتی، اسلم اقبال، علی امین گنڈا پور، مراد سعید، عندلیب عباس، زبیر نیازی حسان نیازی، واثق قیوم عباسی، عظمی خان، علیمہ خان، احمد خان نیازی، خالد گجر، کرامت علی کھوکھر، غلام عباس، حافظ فرحت عباس، شفاقت سندھو، علی حسن، سعید احمد سندھو، اسد زمان اور امتیاز احمد شیخ  کھوکھر کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔‘
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ’جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس) حملہ کیس میں تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ تعمیل کنندہ کے مطابق ملزمان روپوش ہیں اور وارنٹ گرفتاری موصول نہیں کر رہے۔ تمام ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی  کارروائی کا آغاز کیا جاتا ہے۔‘

شیئر: