Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی معاشی ترقی امریکہ کی اولین ترجیح ہے، بلنکن کی بلاول بھٹو سے گفتگو

وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی منظوری کا خیر مقدم کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطے میں معاشی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کے ساتھ نتیجہ خیز، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کی حمایت کرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لیے تعاون اور افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر اچھی بات چیت ہوئی۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کا خیر مقدم کیا اور معاشی بحالی و خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ٹیلی فونک رابطے میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے زور دیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اُصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے حملوں سے کافی نقصان اُٹھایا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
انٹونی بلنکن نے یوکرین جنگ کے اثرات سمیت امریکہ اور پاکستان کے پُرامن اور مستحکم افغانستان میں مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شیئر: