Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ میں منگنی کے فوراً بعد چٹان سے نیچے گرنے والی خاتون ہلاک

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون 100 فٹ نیچے گرنے کے بعد کچھ دیر زندہ رہیں (فوٹو: نیوز فلیش)
ترکیہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں منگنی کے فوراً بعد ہی چٹان سے نیچے گرنے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی ہے۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق 39 برس کی خاتون جس کا نام یسم دیمیر تھا، وہ منگنی کے بعد چٹان سے 100 فٹ نیچے گر گئیں۔
یسم دیمیر اپنے بوائے فرینڈ نیزا میٹن گُرسُو کے ساتھ 6 جولائی کو ترکیہ کے شمال مغرب میں واقع پولینٹے کیپ نامی چٹان پر اپنی منگنی کی تقریب منا رہی تھیں جب وہ المناک طور پر کھڑی چٹان سے نیچے گر گئیں۔
میٹن گُرسُو نے یرسیم کو حالیہ دنوں میں ہی پرپوز کیا تھا اور انہوں نے اپنی منگنی کی تقریب کو غروب آفتاب کا نظارہ کرتے ہوئے کھانے اور ڈرنکس کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا۔ دونوں منگیتر پولینٹے کیپ پر موجود تھے جہاں گُرسُو کار سے کھانے پینے کا سامان لینے گئے تو انہوں نے ایک چیخ سنی، جب وہ واپس چٹان پر آئے تو انہوں نے دیکھا کہ اُن کی منگیتر چٹان سے نیچے گر گئیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون 100 فٹ نیچے گرنے کے بعد بھی زندہ رہیں، لیکن بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
خاتون کے منگیتر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اس جگہ کا انتخاب اس لیے کیا تھا کہ ان کے خیال میں یہ ایک رومانوی مقام ہوگا۔
میٹن گُرسُو کہتے ہیں کہ ’پرپوز کرنے کے بعد ہم نے اس جگہ کا اس وجہ سے انتخاب کیا کہ یہاں سے ہم رومانوی یادیں لے کر جائیں گے۔ وہ (خاتون) توازن برقرار نہ رکھ پائی اور نیچے گر گئی۔‘
دوسری جانب واقعے کے بعد حکام نے اس علاقے کو فوری طور پر بند کر دیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والی خاتون کی دوست نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’یہ وہ جگہ ہے جہاں سب آتے ہیں اور غروب آفتاب کا نظارہ کرتے ہیں، تاہم یہاں سڑکوں کا برا حال ہے اور چٹان کے کناروں پر کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ یہاں حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں اور جنگلہ لگانا چاہیے۔‘  

شیئر: