لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کے لیے یورپی سیفٹی ایجنسی کا ’رِسک الرٹ‘
اتوار 30 جولائی 2023 16:49
سیفٹی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایئرلائنز اپنے آپریشنز کے لیے ان ہدایات اور دیگر تفصیلات کو مدنظر رکھیں :فائل فوٹو
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے پورپین ایئرلائنز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پاکستان شہروں لاہور اور کراچی کے اوپر سے پرواز میں احتیاط کریں۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اتوار کو اپنی ایڈوائزی میں کہا ہے کہ جہاز لاہور اور کراچی اوپر سے 26 ہزار فٹ سے بلند پرواز کریں۔
یہ ہدایت اس خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جاری کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ غیر ریاستی گروپوں کے جہازوں کو نشانہ بنانے والے ہتھیاروں سے لیس ہونے کا خدشہ ہے۔
تاہم ایئرلائنز یہ فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گی کہ آیا وہ ان ہدایات پرعمل کرتی ہیں یا نہیں۔
سیفٹی ایجنسی کے مطابق کشمیر کا علاقہ تنازع کا سبب بنا ہوا ہے جہاں وفتاً فوقتاً ہونے والے فوجی آپریشنز سول ایوی ایشن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
آئی اے ایس اے کی ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ فوجی کشیدگی کی صورت میں شناخت کی غلطی کی وجہ سے لاہور کی فضا میں خطرے کا عنصر ہو سکتا ہے۔
سیفٹی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایئرلائنز اپنے آپریشنز کے لیے ان ہدایات اور دیگر تفصیلات کو مدنظر رکھیں۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے گزشتہ برس نومبر میں بھی ایسی ہی ہدایات جاری کی تھیں اور کہا تھا کہ جہاز پاکستان کے اوپر 24 ہزار فٹ بلند پرواز کریں۔