معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ویڈیو کال کے دوران سکرین شیئرنگ کا فیچر متعارف کر دیا ہے۔
ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق واٹس ایپ نے منگل کے روز اپنے پلیٹ فارم پر ویڈیو کالنگ کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے سکرین شیئرنگ کا آپشن متعارف کروا دیا ہے جس کے بعد یہ ایپ سکرین شیئرنگ کی سہولت دینے والی کمپنیوں جیسے مائیکروسوفٹ میٹ، گوگل میٹ، زُوم اور ایپل فیس ٹائم کے مقابلے میں آ کھڑی ہوئی ہے۔
واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کا اعلان میٹا کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنی فیس بک اور انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔
اس فیچر کے ذریعے اب صارفین اپنے دستاویزات، تصاویر اور یہاں تک کے شاپنگ کارٹ تک شیئر کر پائیں گے۔
یہ فیچر سب سے پہلے رواں برس مئی کے آخر میں اینڈرائڈ فونز پر ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ واٹس ایپ پر سکرین شیئرنگ دورانِ ویڈیو کال شیئر کے آپشن پر کلک کر کے کی جا سکتی ہے۔ یہ فیچر بالکل ایسا ہی ہے جیسے گوگل مِیٹ اور زُوم پر سکرین شیئرنگ کا فیچر استعمال کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ نے ٹیک کرنچ کو بتایا ہے کہ سکرین شیئرنگ کا فیچر اینڈرائڈ، آئی او ایس اور وِنڈوز ڈیکس ٹاپ پر مرحلہ وار لانچ کیا جا رہا ہے۔ اس کا یہ مطلب ہے کہ آپ ابھی اتنے جلدی شاید اس فیچر کو نہ دیکھ پائیں تاہم آپ اسے جلد استعمال کر پائیں گے۔
سکرین شیئرنگ کے علاوہ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے لینڈ سکیپ موڈ کو بھی متعارف کروایا ہے جس کے بعد صارفین اس موڈ کے ذریعے بھی ویڈیو کال کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل واٹس ایپ پر صرف پورٹریٹ موڈ میں ہی ویڈیو کالنگ کا آپشن موجود تھا۔
خیال رہے واٹس ایپ نے 2016 میں ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کروایا تھا جس کے بعد اس میں جدت آتی جا رہی ہے۔ واٹس ایپ نے حالیہ دنوں میں وائس نوٹ کے ساتھ ابھی شارٹ ویڈیو میسج بھیجنے کا بھی فیچر معتارف کروا دیا ہے۔