نجران میں زیر تعمیر کلچرل سینٹر کی چھت کیوں گری؟
بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے ٹھیکے دارعمارت میںن خامیوں کی اصلاح کرا رہا تھا( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے نجران ریجن میں حبونا بلدیاتی کونسل نے زیر تعمیر کلچرل سینٹر کی چھت گرنے کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ پیر14 اگست کو کلچرل سینٹر کی زیر تعمیر چھت کا ایک حصہ گر گیا تھا۔ واقعہ میں دو مزدور ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔
بلدیاتی کونسل کی جانب سے زیر تعمیر عمارت میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ٹھیکے دارعمارت میں ان خامیوں کی اصلاح کرا رہا تھا۔
بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ نجران میونسپلٹی نے چھت گرنے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تکنیکی کمیٹی تشکیل دی ہے اور اسے جلد ازجلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گورنر نجران شہزادہ جلوی بن عبدالعزیز بن مساعد نے حبونا کمشنری میں زیرتعمیر عمارت کی چھت گرنے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا حکم جاری کیا ہے۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں کی گئیں‘۔