دمام (واس) مشرقی ریجن ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین عبدالرحمن العطیشان نے بدھ کو سفیر ہند احمد جاوید کی موجودگی میں ہندوستانی کیٹلاگ نمائش کا افتتاح کردیا۔ اس میں 162 ہندوستانی کمپنیوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ادویہ، غذائی اشیاء ، گاڑیوں ، تعمیراتی سامان ، کیمیکل مصنوعات ، الیکٹرونک اشیاء ، پلاسٹک کے علاوہ ملبوسات سے متعلق نہایت شاندار کیٹلاگ پیش کئے ہیں۔ العطیشان نے کہا کہ 400 سے زیادہ ہندوستانی کمپنیوں کو 1.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ سفیر ہند نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات اقتصادی لین دین اور تجارتی شرکت کی صورت میں منعکس ہو رہے ہیں۔