کراچی کی شاہراہ پر شیر کی ’چہل قدمی‘، پولیس نے مالک کو حراست میں لے لیا
کراچی کی شاہراہ پر شیر کی ’چہل قدمی‘، پولیس نے مالک کو حراست میں لے لیا
منگل 29 اگست 2023 19:42
زین علی -اردو نیوز، کراچی
یہ مناظر کسی جنگل یا چڑیا گھر کے نہیں بلکہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی مرکزی سڑک ’شارع فیصل‘ کے ہیں جہاں ایک شیر آزادی سے چہل قدمی کرتا نظر آرہا ہے۔
منگل کو سڑک پھر کُھلے شیر کو گھومتا دیکھ کر شہری حیران رہ گئے، سڑک سے گزرنے والے افراد گاڑیاں روک کر شیر کی ویڈیو بنانے لگے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ محکمہ جنگلی حیات کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق سڑک پر گھومنے والے شیر کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے جنہوں نے پولیس کو بتایا کہ ’جانور کو بیمار ہونے کی وجہ سے معائنے کے لیے ڈاکٹر کے پاس بھیجا تھا۔
’کراچی کے علاقے گارڈن سے شیر کو گاڑی کے ذریعے ڈاکٹر کے پاس بھیجا جارہا تھا کہ شارع فیصل کے قریب گاڑی سے منتقلی کے وقت یہ باہر سڑک پر نکل آیا اور قریبی عمارت کے تہ خانے میں داخل ہوگیا۔‘
وہاں موجود شیر کو ہسپتال لے جانے والے شخص نے شیر کی دیکھ بھال کرنے والوں کو بلوایا جنہوں نے محکمہ جنگلی حیات اور فلاحی اداروں کے رضاکاروں کے ساتھ مل کر اسے کو قابو کیا اور پھر پنجرے میں منتقل کردیا۔
محکمہ جنگلی حیات سندھ کے انسپکٹر مختیار سومرو کے مطابق ’شارع فیصل پر چہل قدمی کرنے والے شیر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔‘
شیر کے مالک سے قانونی دستاویزات طلب کی ہیں۔ مالک سے مزید تفتیش کے بعد ہی صورت حال سامنے آسکے گی۔
کراچی پولیس کے مطابق ’شیر کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ جنگلی حیات کے انسپکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’جنگلی جانوروں کو کسی صورت گھروں میں نہیں رکھنا چاہیے۔ یہ جانور خطرناک ہوتے ہیں اور کسی بھی وقت کسی پر بھی حملہ کرسکتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ماضی میں ان خطرناک جانوروں کو رکھنے کے لیے قوانین آسان تھے لیکن اب نئے قوانین میں ان کو رکھنے کی اجازت لینا آسان نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کراچی شہر کے نجی مقامات پر شہریوں کے پاس سینکڑوں کی تعداد میں خطرناک جانور موجود ہیں۔
اس سے قبل بھی کراچی شہر میں شیر عوامی مقامات پر آچکے ہیں اور ایک شیر کے حملے سے ایک شخص زخمی بھی ہوچکا ہے۔