Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں شامی پناہ گزینوں کی غذائی امداد کے لیے شاہ سلمان مرکز اور ورلڈ فوڈ پروگرام میں معاہدہ

معاہدے کے تحت غذائی پروگرام سے 54 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات نے اردن میں شامی مہاجرین کے لیے خوراک کی امداد فراہم کرنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ 6.8 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات ورلڈ فوڈ پروگرام کو اردن کے زاتاری کیمپ میں 54 ہزار  شامی پناہ گزینوں کو ماہانہ ای واؤچرز کے ذریعے خوراک کی امداد تقسیم کرنے کے لیے گرانٹ فراہم کرے گا جو کیمپ کی دکانوں اور بیکریوں میں استعمال کیے جائیں گے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ یہ فنڈنگ کیمپوں میں رہنے والے شامی پناہ گزینوں کو انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کرنے کے علاوہ خوراک کی امداد میں آنے والی مزید کٹوتیوں کو روکنے کے لیے عین وقت پر پہنچ جائے گی‘۔
شاہ سلمان مرکز برائے امدد و انسانی خدمات کے اسٹنٹ سپروائزر جنرل  انجینیئر احمد البیز اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندے ماجد یحییٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے معاہدے پر دستخط کیے۔
احمد البیز نے کہا کہ ’ ہم امید کرتے ہیں کہ شامی پناہ گزینوں کی سپورٹ کا یہ تیسرا مرحلہ کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کرے گا اور شامی پناہ گزینوں کو درپیش غذائی عدم تحفظ اور غذائی قلت کے خاتمے میں خاطر خواہ اثر ڈالے گا‘۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے اردن میں  نمائندے اور کنٹری ڈائریکٹر البرٹو کوریا مینڈس نے کہا ہے کہ ’مملکت کا بروقت تعاون ہمیں فنڈنگ کی کمی کے باوجود کیمپوں میں شامی پناہ گزینوں کو ضروری غذائی امداد فراہم کرنے کے قابل بنائے گا‘۔

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے معاہدے پر دستخط کیے گئے ( فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ شراکت مملکت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے جس نے شامی پناہ گزینوں کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے اور ضرورت مندوں کی بھوک کو کم کرنے میں مسلسل مدد کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے‘۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے ایک بیان میں کہا کہ ’ نئی فنڈنگ کے باوجود اسے سال کے آخر تک خوراک کی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر 23 ملین ڈالر کی ضرورت ہے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بروقت اضافی فنڈنگ کے بغیر ورلڈ فوڈ پروگرام اکتوبر میں کیمپ کے اندر اور باہر شامی پناہ گزینوں کےلیے امداد معطل کرنے پر مجبور ہو جائے گا‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اس سے قبل 2021 اور 2022 میں اردن کے کیمپوں میں مقیم شامی پناہ گزینوں کو بالترتیب 12.8 ملین اور چھ ملین ڈالر کی امداد فراہم کی تھی۔

شیئر: