خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کا دورہ یمن، حوثیوں کے میزائل حملے جاری
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کا دورہ یمن، حوثیوں کے میزائل حملے جاری
جمعہ 1 ستمبر 2023 6:11
خیلج تعاون کونسل کے سربراہ جاسم محمد البداوی نے جمعرات کو عدن کا دورہ کیا۔ فوٹو: عرب نیوز
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل یمن کے دورے پر ساحلی شہر عدن پہنچے اور اس دوران حوثیوں کے مختلف مقامات پر حملے جاری رہے۔
عرب نیوز کے مطابق مارب شہر میں جنگ کے باعث بے گھر شہریوں کے کیمپوں پر حوثی ملیشیا نے چار میزائل داغے۔ سرکاری حکام نے بتایا کہ ان میں سے تین میزائل کیمپوں پر گرے مگر کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
بے گھر افراد کی بحالی کے لیے قائم محکمے نے ایک بیان میں عالمی برادری سے عام شہریوں کو حوثی حملوں سے بچانے کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’حوثی ملیشیا کے شہروں اور ایسے علاقوں پر حملے جہاں شہری جان بچانے کے لیے مقیم ہوں گھناؤنے جرائم ہیں جو معاشرے کے استحکام اور حفاظت کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ہم ان حملوں کو روکنے اور ان میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
خیلج تعاون کونسل کے سربراہ جاسم محمد البداوی نے جمعرات کو عدن کا دورہ کیا تاکہ ملک کی صدارتی قیادت کونسل کی حمایت کا اظہار کیا جا سکے اور جنگ کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یمن کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ کئی برسوں میں یہ پہلا موقع تھا کہ وہ یمن کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کونسل کے رہنما رشاد العلیمی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران البدوی نے قیادت کونسل کے لیے جی سی سی کی حمایت اور امن و استحکام کی بحالی اور اقوام متحدہ کی زیر قیادت امن عمل کو تیز کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔
انہوں نے سنہ 2019 کے ریاض معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد پر بھی زور دیا جو یمن میں مختلف دھڑوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے طے کیا گیا تھا اور تنازع کے دوران ثالث کے طور پر سعودی عرب اور عمان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
یمن کی وزارت اطلاعات کے انڈر سیکرٹری عبدالباسط القاعدی نے عرب نیوز کو بتایا کہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کا عبوری دارالحکومت عدن کا دورہ یمن کی قانونی حیثیت کے لیے خلیج کی مسلسل حمایت کے ساتھ سلامتی، استحکام، ترقی اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے لیے حکومت کی کوششوں کے لیے خلیج کے ملکوں کی حمایت کی تصدیق کرتا ہے۔
یمنی حکام نے کہا کہ جی سی سی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے یمن میں کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی امن کوششوں کے نتیجے میں اقتدار کی دو اہم تبدیلیاں ہوئیں۔
جی سی سی کے سنہ 2011 کے امن اقدام کے تحت سابق صدر علی عبداللہ صالح نے اپنے نائب عبد ربو منصور ہادی کو اقتدار سونپ دیا۔ سنہ 2022 میں یمن پر جی سی سی کے زیر اہتمام ریاض مشاورت نے سیاسی، مذہبی، سماجی اور قبائلی میدان سے سینکڑوں یمنیوں کو ایک ہی فورم پر اکٹھا کیا جس کے نتیجے میں صدارتی لیڈرشپ کونسل کی تشکیل ہوئی۔
البدوی کا عدن کا دورہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ کے کئی علاقائی شہروں کے دوروں کے ساتھ موافق تھا تاکہ ملک میں موجود دھڑوں کو اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی تجدید اور امن معاہدے پر عمل کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔