سری لنکن سیلاب زدگان کیلئے ہند کی امداد
نئی دہلی.... ہندوستان نے سری لنکا میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں جہاز روانہ کردیئے ہیں جبکہ وزیراعظم مودی نے سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کی ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے بعد سری لنکا میں اس وقت شدید سیلاب آیا ہوا ہے جبکہ بارش کے نتیجے میں متعدد مقامات پر تودے بھی گرے ہیں۔ سری لنکن حکومت نے اب تک 100اموات کی تصدیق کی ہے جبکہ 99اب تک لاپتہ ہیں اور 2900افراد بے گھر ہوئے ہیں۔فوجی اہلکار لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کیلئے آرمڈ گاڑیاں اور کشتیاں استعمال کررہی ہیں۔ متعدد دیہات تک امدادی کارکنوں کی رسائی تک نہیں ہوسکی ہے۔ ہندوستانی بحریہ نے امدادی کامو ںمیں مدد کیلئے امدادی سامان کےساتھ اپنے جہاز روانہ کئے ہیں۔ جنوبی بنگال میں ”آئی این ایس کرچ“ کو فوری حکم دیا گیا ہے کہ وہ کولمبو پہنچے اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے۔ ادھر ہفتے کو ایک اور جہازآئی این ایس جلیشوان کو بھی وشاکھا پٹنم سے بھیجا گیا ہے۔اس جہاز میں غوطہ خوروں اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی ہے۔ دریں اثناء کوچی سے روانہ کیا جانے والا جہاز آئی این ایس شردل ہفتے کو رات گئے تک کولمبو پہنچ جائیگا اس میں بھی امدادی سامان ہے۔