سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سنیچر کو نئی دہلی میں جی 20 سربراہی کانفرنس کے دورن جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں سعودی، جاپانی تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے امکانات کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، قومی سلامتی کے مشیر، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور وزیر خزانہ محمد الجدعان موجود تھے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 سربراہی اجلاس پہنچے تو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ولی عہد کا استقبال کیا۔
ولی عہد محمد بن سلمان جی 20 سربراہی اجلاس میں مملکت کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ولی عہد محمد بن سلمان انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر انڈیا کا سرکاری دورہ بھی کریں گے۔
ایس پی اے کے مطابق دورے کے دوران دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، اور سعودی انڈین سٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کا اجلاس بھی منعقد کریں گے۔