گورنر قصیم کی مصالحتی کوششوں نے مقامی شہری کو سزائے موت سے بچا لیا
قصیم ریجن میں مصالحتی کمیٹی ’عفو‘ قائم ہے، گورنر اس کے سربراہ ہیں (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب میں قصیم ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل بن سعود بن عبدالعزیز کی مصاللحتی کوششوں نے مقامی شہری کو سزائے موت سے بچالیا۔
المدینہ اخبار کے مطابق قصیم ریجن میں ایک مصالحتی کمیٹی ’عفو‘ قائم ہے ۔ گورنرقصیم اس کے سربراہ ہیں۔
کمیٹی کے ارکان مقتول کے ورثا سے رابطے کرکے مصالحتی مہم چلاتے ہیں۔
گورنر قصیم نے متوفی کے رشتہ داروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’حریف پر قابو پانے کے بعد اسے معاف کر دینا اہل اسلام کا شیوہ ہے۔ ‘
’سعودی قیادت چاہتی ہے کہ ہر مستحق کو اس کا حق ملے۔ ہمارے معاشرے میں الفت، اخوت و مودت کا ماحول قابل قدر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مقتول کے وارثوں کو عفو و درگزر پر آمادہ کرنے کے حوالے سے مصالحتی کمیٹی کا کردار قابل تحسین ہے‘۔
متوفی کے رشتہ داروں نے مصالحتی کوششوں کی سرپرستی پر گورنر قصیم کا شکریہ ادا کیا۔