رمضان مبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر اہل ایمان کےلئے تحفہ ہے، بیگم نرگس کاکڑ
ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹکل قونصلر شاہ فیصل کاکڑ کی اہلیہ بیگم نرگس کاکڑ نے کہا ہے کہ رمضان مبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر اہل ایمان کے لئے تحفہ ہے اور اس مہینے میں رحمت ایزدی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ وہ پاکستان رائٹرز کلب کے لیڈیز چیپٹر کے زیر اہتمام روح رمضان کے زیرعنوان منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہی تھیں۔ بیگم بلقیس صدر اعزازی مہمان تھیں جبکہ چیپٹر کی کنوینر مدیحہ ملک نے صدارت کی۔بیگم نرگس کاکڑ نے پروگرام کو سراہا اور کہا کہ ان مساعی سے مسلم خواتین اور بچیوں کو اسلامی شعار سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مملکت میں قیام کو زندگی کا خوشگوار ترین دورانیہ قرار دیا او رکہا کہ ماہ رحمت و برکت کے دوران مملکت میں قیام ان پر اللہ تعالیٰ کی خاص نوازش ہے۔ پروگرام کا آغاز شمیلہ ملک کی تلاوت قرآن پاک اور الماس ممتاز کی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ ڈاکٹر فرح نادیہ نے رمضان المبارک کے دوران روزے کے انسانی صحت پر مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد قندیل ایمن اور الماس ممتاز نے مقابلہ نعت کا انعقاد کرایا۔ شرکاءنے اپنی مدھر آوازوں سے سماں باندھ دیا۔ عظمیٰ یاسر، فرح شمیم ، غوثیہ ، سعدیہ عرفان ، دیبا ممتاز ، نغمہ ریحان، رجاءہارون اور گلشن فردوس اس مقابلے کے شرکاءتھیں۔ ساجدہ چوہدری ، نازیہ افضال اور شمیلہ ملک کے فیصلہ کے مطابق عظمیٰ یاسر پہلی ، فرح شمیم دوسری اور قدسیہ تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔ ان میں مہمان خصوصی اور اعزازی مہمان نے انعامات تقسیم کئے۔ ڈاکٹر ارم قلبانی ، بیگم ساجدہ چوہدری اور مدیحہ نعمان نے اپنی اپنی زندگی سے ایسے واقعات بیان کئے جو اللہ تعالیٰ پر ان کے اعتقاد کو مزید مضبوط کر گئے تھے۔ شمیلہ ملک نے سورة رحمان کی معجزاتی تاثیر پر روشنی ڈالی۔ اعزازی مہمان بیگم بلقیس صفدر نے لیڈیز چیپٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ مدیحہ ملک نے مہمان خصوصی اور اعزازی مہمان کا تقریب میں آنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ سب مہمانوں کو تحائف دیئے گئے۔