’جب پانچ منٹ گزر گئے ہوں‘، ایلون مسک کی میم پر یوکرین کی پارلیمنٹ کا جوابی طنز
یوکرینی صدر کے مشیر میخیلو پودلیاک نے ایکس پر ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی
صدر ولادیمیر زیلنسکی کی میم پوسٹ کرنے پر یوکرین کی پارلیمنٹ اور اس کے سپیکر نے ارب پتی ایلون مسک پر جوابی طنز کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو یوکرین کی پارلیمنٹ اور سپیکر رسلان سٹیفنچک نے ایلون مسک کے سپیس ایکس راکٹ کے گرنے کی یاد دلاتے ہوئے اُن کو طنز کا نشانہ بنایا۔
اس سے قبل ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یوکرین کے صدر کی ایک میم شیئر کر کے مذاق اڑایا تھا۔
اس میم میں یہ دکھایا گیا تھا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی مغربی دنیا سے جنگ میں مدد مانگ رہے ہیں۔
ایلون مسک سپیس ایکس کے مالک ہیں جو سٹارلنک سٹیلائیٹ کمیونیکیشن سروسز فراہم کرتی ہے۔ یہ سروس یوکرین کے دفاع کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے تاہم اُن کے بیانات بعض اوقات کیئف میں غصے کا باعث بنتے ہیں جو گزشتہ برس فروری سے روس کی جانب سے حملے کی زد میں ہے۔
ایلون مسک نے صدر زیلنسکی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’جب پانچ منٹ ہو گئے ہوں اور آپ نے ایک ارب ڈالر کی امداد نہ مانگی ہو۔‘
یوکرین کے صدر اور اُن کی حکومت کے اعلٰی عہدیدار جنگ کے آغاز کے بعد سے مسلسل اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں تاکہ روس کی افواج کو پیچھے دھکیلا جا سکے۔
یوکرین کی پارلیمںٹ کے سپیکر نے ایلون مسک پر جوابی طنز کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’وہ وقت جب (ایلون مسک نے) خلا کو مسخر کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ غلط ہو گیا اور پھر پانچ منٹ میں اُس کی آنکھیں گندگی میں لتھڑ گئیں۔‘
اس پوسٹ میں بظاہر یوکرین کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے ایلون مسک کے سپیس ایکس راکٹ کے گرنے کی طرف اشارہ کیا جو رواں برس اپریل میں لانچ کے وقت گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
یوکرین کی پارلیمنٹ کے آفیشل ایکس ہینڈل پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ ایلون مسک روس کے پروپیگنڈے کو پھیلا رہے ہیں۔ اس ہینڈل سے ایلون مسک کی تصویر پوسٹ کر کے ساتھ لکھا گیا کہ ’جب پانچ منٹ ہو گئے ہوں اور آپ نے روس کا پروپیگنڈہ نہ پھیلایا ہو۔‘
یوکرینی صدر کے مشیر میخیلو پودلیاک نے بھی ایکس پر ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے جنگ کے مرکز سے ہزاروں کلومیٹر دور بیھٹنے والے روزانہ بمباری اور والدین کو کھو دینے والے بچوں کی تکلیف محسوس نہیں کر سکتے۔‘
یوکرین میں حکام نے اس سے قبل ایلون مسک کی اس تجویز پر بھی سخت ردعمل ظاہر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ زمین کا ٹکڑا دے کر امن لینے کے لیے غور کرنا چاہیے۔