اسلام آباد...قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تقریر سرکاری ٹی وی پر برا ہ راست نشر نہ کرنے پر اپوزیشن نے اجلاس سے واک آوٹ کر دیا۔ پیر کو اجلاس کے دوران جب ا سپیکر نے اپوزیشن لیڈر کو بجٹ پر بحث کرنے کے لئے ٹائم دیا تو خورشید شاہ نے کہا کہ جب تک پی ٹی وی میری تقریر براہ راست نشر نہیں کرتا تقریر شروع نہیں کروں گا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسی کوئی روایت نہیں کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو براہ راست پی ٹی وی پر نشر کیا جائے۔ صرف وزیرخزانہ کی تقریر کو لائیو نشر کیا جاتا ہے۔ جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو براہ راست دکھایا گیا تھا۔ حکومت نے بجٹ پیش کیا ہے ۔اب اپوزیشن کا بھی حق ہے کہ وہ بھی اپنا موقف پیش کرے۔ ا سپیکر نے کہا کہ یہ حکومت کا کام ہے کہ وہ پی ٹی وی پر تقریر نشر کرے لیکن حکومت کو کہہ نہیں سکتا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر میری تقریر رات10بجے دکھائیں گے تو اس کا کیا فائدہ ہو گا ۔ میں تو ایک ہی پچ پر کھیلنا چاہتا ہوں۔ آپ خود بولیں اور ہمارے منہ پر تالا لگائیں ۔ خود تو دوڑ لگادیں اور ہمارے ہاتھ پاو¿ں باندھ دیں ۔ اگر ایسا ہی کرنا ہے تو ہم چلے جاتے ہیں۔ آپ بجٹ منظور کرالیں۔