Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا یار۔۔۔۔‘ کیپٹنز ڈے پر صحافی کے سوال پر روہت شرما کا ردعمل کیا تھا؟

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ جوز بٹلر بابر اعظم سے روہت شرما کی بات کا ترجمہ کرنے کا کہہ رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز جمعرات کو انڈیا کے شہر احمد آباد سے ہونے جا رہا ہے اور اس حوالے بدھ کو کیپٹنز ڈے کی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کو سٹیج پر بلایا گیا اور انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صحافیوں نے سوالات بھی کیے۔ ایک صحافی نے انڈین کپتان روہت شرما سے 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ کے حوالے سے سوال کیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ ’گذشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان میچ ٹائی ہوا، پھر سپر اوور ہوا اور دوبارہ ٹائی ہوا لیکن انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو بھی فاتح قرار دیا جا سکتا تھا۔ آپ کے خیال میں کیا فیصلہ ہونا چاہیے تھا؟‘
روہت شرما بڑے غور سے سوال سنتے رہے، لیکن جیسے ہی سوال ختم ہوا تو انہوں نے کہا کہ ’کیا یار۔۔۔۔۔ میرا کام فاتحین کا فیصلہ کرنا نہیں ہے!‘ ویڈیو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس کے بعد وہ بائیں جانب دیکھتے ہوئے زیرلب کچھ الفاظ ادا کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے لکھا کہ روہت شرما نے زیر لب کچھ نامناسب الفاظ ادا کیے لیکن ویڈیو دیکھنے کے بعد یہ واضح نہیں ہورہا کہ وہ نامناسب الفاظ ادا کر رہے ہیں۔
اس کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کو بابر اعظم کے کان میں سرگوشی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ بابر اعظم سے روہت شرما کی بات کا ترجمہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی ورلڈ کپ کیپٹنز ڈے میں شرکت کے لیے انڈیا کے شہر احمدآباد پہنچے جہاں قومی ٹیم چھ اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
کیپٹنز ڈے کی تقریب میں مختلف ممالک کے کپتانوں کو سٹیج پر بلایا گیا۔ بابر اعظم اور روہت شرما سٹیج ایک ساتھ سٹیج پر آئے اور ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بابر اعظم نے اس تقریب میں کہا کہ ’ہمیں یہاں بہترین مہمان نوازی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ اتنی مہمان نوازی کی توقع نہیں تھی۔ ہم حیدرآباد میں ایک ہفتے کے لیے ہیں لیکن ہمیں ایسا نہیں محسوس ہو رہا کہ ہم انڈیا میں ہیں۔ ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہم اپنے ملک میں ہیں۔‘
 انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ’ہم اس ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہم اس بات پر خوش ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل کچھ دن آرام کے مل گئے۔ ہم ویسے مکمل طور پر ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں۔‘
روہت شرما مزید کہتے ہیں کہ ’بچپن سے ہی میرا ورلڈ کپ میں کھیلنے کا خواب تھا۔‘

شیئر: