Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شاہ سلمان مرکز کی پاکستان، افغانستان اور لبنان میں امدادی سرگرمیاں جاری

افغان صوبےغزنی اور وردک میں ایک ہزار فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات کی جانب سے پاکستان، افغانستان اور لبنان میں امدادی سامان کی تقسیم جاری ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے پاکستانی پنجاب کے قصور علاقے میں امدادی سامان کے 270 بیگ تقسیم کیے جن سے 1900 افراد کو فائدہ پہنچا۔ 
شاہ سلمان مرکز پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں کو موسم سرما سے بچاو کے لیے سامان تقسیم کرا رہا ہے۔ 
 مرکز نے افغان صوبے غزنی اور وردک صوبے کے شہر نرخ میں ایک ہزار فوڈ باسکٹس تقسیم کرائیں جن سے چھ  ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔

 شامی و فلسطینی پناہ گزینوں میں گزشتہ ہفتے روٹیوں کے ڈیڑھ لاکھ پیکٹ تقسیم کیے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی عرب، افغانستان کے مختلف صوبوں اور شہرو ں میں سیلاب زدگان کے مصائب کا بوجھ کم کرنے کے لیے امدادی مہم چلائے ہوئے ہے۔ 
سعودی ایجنسی نے لبنان کی عکار کمشنری اور المنیہ  ضلع میں الامل فلاحی بیکری کے ذریعے شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں میں روٹیوں کے پیکٹ تقسیم کیے۔
الامل فلاحی بیکری کے ذریعے ضرورت مند شامی و فلسطینی خاندانوں اور شمالی لبنان کے میزبان خاندانوں میں گزشتہ ہفتے روٹیوں کے ڈیڑھ لاکھ پیکٹ تقسیم کیے۔ 
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے جبل لبنان کمشنری کے الناعمہ علاقے، شمالی لبنان کے المنیہ علاقے اور عکار کمشنری کی وادی خالد میں کھجوروں کے چھ ہزار کارٹن تقسیم کیے جن سے  تیس ہزار افراد کو فائدہ ہوا۔ 

شیئر: