Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازیں منسوخ سے شادی ملتوی کرنا پڑی

سرے ..... مختلف وجوہ کی بناءپر برطانوی ہوائی اڈوںپر طیاروں کی آمد ورفت میں تاخیر اور پروازوں کی منسوخی سے جہاں دوسرے بہت سارے مسائل پیدا ہورہے ہیں وہیں اسکی وجہ سے عمرانی ڈھانچہ بھی ہل کر رہ گیا ہے۔ ایسا ہی کچھ سرے میں رہنے والی لارا تھامسن کے ساتھ ہوا جس نے یونانی جزیرے میں جاکر شادی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور بہت سارے مہمانوں کو دعوت بھی دی تھی جو سب ہی اس کی خوشی میں شرکت کیلئے یونان جانا چاہتے تھے مگر طیارے میں جگہ نہ ملنے کے سبب لارا کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ وہ یونانی جزیرے سان تورینی پر اپنے ساتھی سیم سے شادی کرنا چاہتی تھی اور شادی سے ایک ، دو روز قبل ہی جزیرے پر پہنچ چکی تھی مگر اسکے کئی مہمانوں کے علاوہ 3مشاطائیں اور ایک بھائی یونان نہیں پہنچ سکے۔ نتیجے میں شادی ملتوی کرنا پڑی جس کا لارا تھامس اور اس کے منگیتر سیم نے بہت برا منایا اور دوسرے مہمان بھی مایوس ہوگئے۔پرواز چھوٹ جانے اور مہمانوں کے بروقت نہ پہنچنے پر مس تھامس بھی پریشان رہی اور کہا کہ وہ بالکل ٹوٹ پھوٹ کر رہ گئی ہے اس نے بہت خوبصورت خواب دیکھے تھے مگر ایئرلائن والوں نے سب چکنا چور کردیئے۔ شادی کی تقریب کے لئے کی گئی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئی تاہم یہ اچھا ہوا کہ شادی کا سامان فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صورتحال کو سمجھا اور انہیں یقین دلایا کہ اگر دو، تین دن بعد شادی ہوجائے تو وہ ساری خدمات انجام دینگی اور کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کرینگی۔ کہا جاتا ہے کہ بیشتر مسافر ہیتھرو کے ٹرمینل فائیو پر پھنسے ہوئے ہیں اور پروازوں کی بحالی کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی۔

شیئر: