عنیزہ.... عنیزہ کی ایک مسجد کے امام نے رمضان المبارک کے دوران ظہر کی نماز گرمی کی وجہ سے عصر سے پہلے موخر کرکے پڑھانا شروع کیا۔ امام کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور روزے کی وجہ سے نمازیوں کو سہولت فراہم کی جائے جس کی گنجائش بھی دین میں موجود ہے۔ اس نے ظہر کی نماز عصر سے کچھ وقت پہلے تک موخر کرکے پڑھانا شروع کیا ۔ اطلاع ملنے پر وزارت اسلامی امور، دعوت وارشاد نے مداخلت کرتے ہوئے امام کو ظہر کی نماز موخر نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ تمام مساجد میں کولنگ سسٹم نصب ہے جس کی موجودگی میں ظہر کی نماز کو گرمی کی وجہ سے موخر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔وزارت نے کہا کہ سخت گرمی کے موسم میں ظہر کی نماز عصر سے پہلے تک موخر کا ثبوت سیرت میں ملتا ہے تاہم اب مساجد میں اے سی نصب ہیں جن کی وجہ سے گرم ماحول کو ٹھنڈا کیا جاسکتا ہے۔ کولنگ سسٹم کی وجہ سے اب ظہر کو موخر کرنے کا جواز باقی نہیں رہا۔