اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ’دہشت گرد‘ اہداف پر حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے عسکری اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
8 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر جھڑپوں میں تقریباً دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ ہلاکتیں لبنان کی حدود میں واقع ہوئی ہیں جن میں ایک برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے صحافی اور دو شہریوں کے علاوہ زیادہ تر جنگجو شامل ہیں۔ جبکہ اسرائیل کی طرف کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی کمیونٹی کو ایرانی حمایت یافتہ اور حماس کی اتحادی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
سرحدی جھڑپوں کے بعد اسرائیل نے ملک کے شمالی میں واقع 28 مقامات سے ہزاروں کی تعداد میں مکینوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیا ہے۔