ممبئی .... بالی وڈ میں امیتابھ بچن، جیا بچن، شاہ رخ خان، کاجول،کرینہ اور رتک روشن جیسے سپراسٹارز کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کام کرنے والی مالویکاراج اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تیلگو فلم ’جے دیو‘ سے کر رہی ہیں۔ ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں کرینہ کے بچپن کا کردار ”پو“ یعنی پوجا کا رول کرنے وا لی مالویکانے کہا کہ ’کبھی خوشی کبھی غم‘ فلم ان کے لئے خواب کی طرح تھی اور وہ فلم کی یادوں کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں گی۔ مالویا نے کہا کہ بالی ووڈ میں شاید ہی کسی کو پہلی فلم میں ہی اتنے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہو جیسے مجھے بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنے کا موقع ملا۔ میں بچپن سے ہی اداکارہ بننا چاہتی تھی اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘کے بعد میں نے پوری طرح سوچ لیا تھا کہ مجھے اداکاری ہی کرنی ہے۔ معروف اداکار جگدیش راج کی پوتی مالویکا نے کہا کہ بچپن سے ہی گھر میں فلمی ماحول تھا شاید اس لئے بھی بچپن سے ہی میں اداکاری کے میدان میں آنا چاہتی تھی۔ میری آنٹی انیتا راج بھی اداکارہ رہی ہیں۔ میرے والد فلم ساز ہیں لیکن میں اپنے دادا (جگدیش راج) کے قریب تھی۔ دادا کا نام بالی وڈ میں سب سے زیادہ پولیس کا کردار ادا کرنے کےلئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔ گزشتہ دو سال سے ماڈلنگ کر رہی ہوںمالویکا نے کہا کہ ماڈلنگ نے انہیں اداکارہ بننے میں کافی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ خاندان کا نام فلموں سے وابستہ ہونے کی وجہ سے ان سے سب کو اچھی امید وابستہ ہے کیونکہ ہر کوئی ان کا موازنہ جگدیش راج اور انیتا راج سے کرے گا۔ اپنی آنے والی فلم’جے دیو‘ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ معروف ڈائریکٹر جینت سی پرانجی 2سال پہلے ان کے ساتھ کناڈا فلم بنانا چاہتے تھے لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے فلم نہیں بن سکی اور جب انہوں نے ’جے دیو‘ شروع کی تو مجھے اس میں مرکزی اداکارہ کے طور پر کام کرنے کا آفر ملا جسے میں نے قبول کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم میں ان کے ساتھ روی بھی پہلی بار فلموں میں کام کر رہے ہیں۔ جے دیو میں ان کا کردار شروتی کا ہے جو آپ کے دماغ کے مطابق کام کرتی ہے لیکن جب ’جے دیو‘اس کی زندگی میں آتا ہے تو اس کی دنیا بدل جاتی ہے. بطور ہیروئن ان کی پہلی فلم 'جے دیو'کے بارے میں مالویکا نے کہا کہ شروع میں انہیں زبان سے متعلق تھوڑی پریشانی ہوئی تھی لیکن عملہ کی مدد سے اس میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ زبان سے زیادہ ضروری اداکاری کرنا ہوتا ہے۔