پاکستانی چاول کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہورہا، بشیر احمد چوہدری
ریاض (جاوید اقبال) پاکستان انویسٹرز فورم ریاض کے سینیئر رکن اور معروف تاجر بشیر احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں چاول کی صنعت تحقیق کا فقدان ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج پیدا نہیں کررہی اور چاول کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے یہ بات اپنی طرف سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 12رکنی وفد کو دیئے گئے ظہرانے میں کہی۔ اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین بھی موجود تھے۔ گفتگو کے دوران میزبان نے اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا کہ خلیجی ممالک کے لئے پاکستانی چاول کی برآمدات میں کمی آچکی ہے اور اسکا بنیادی سبب کالا شاہ کاکو میں قائم رائس ریسرچ سینٹر کا تحقیق میں سہل انگاری سے کا م لینا ہے۔ بشیر احمد چوہدری نے وفد کے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے زیر انتظام یہ مرکزپرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کی تحریک چلائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان کا کنسورشیم یا گروپ بناکر کالا شاہ کاکو کا تحقیقی مرکز اس کے زیر انتظام لایا جائیگا تو چاول کی نئی اقسام کی دریافت میں تیزی آنے سے انکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ وفد کے ارکان نے میزبان کی اس تجویز کو سراہا اور وعدہ کیا کہ وہ اپنے مملکت کے دورے کے اختتام پر پاکستان واپس پہنچ کر اسے عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرینگے۔