Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسرائیل اور یوکرین کی مدد امریکہ کی سکیورٹی کے لیے نہایت اہم ہے‘

یوکرین کے لیے مزید فوجی امداد کی کانگریس سے منظوری کے لیے امریکی صدر کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور یوکرین کی جنگوں میں کامیابی ’امریکہ کی نیشنل سکیورٹی کے لیے بہت اہم ہے۔‘
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعے کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کانگریس پر اسرائیل اور یوکرین کے لیے اربوں ڈالر کی فوجی امداد منظور کرنے پر زور دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی طور پر جارحیت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تو ’تنازع اور بدامنی دنیا کے دیگر خطوں میں پھیل سکتی ہے۔‘
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’حماس اور پوتن مختلف خطرات ہیں۔ مگر ان میں ایک چیز مشترک ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ وہ کانگریس میں اندازا 100 ارب ڈالر کی فوری امداد کی درخواست منظوری کے لیے بھیجیں گے جو اگلے ایک سال کے دوران دی جائے گی۔
امداد کی اس تجویز میں یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے لیے رقم، انسانی امداد اور بارڈر مینجمنٹ شامل ہے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’یہ ایک زبردست سرمایہ کاری ہے جو امریکہ کی آئندہ نسلوں کی سکیورٹی میں معاون ثابت ہو گی۔‘
امریکی صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ ان تمام امور پر ایک ہی قانون سازی کا مسودہ تیار کرنے کے بعد کانگریس سے منظوری لینے کے لیے ضروری سیاسی اشتراک پیدا کیا جا سکتا ہے۔
صدر بائیڈن نے یہ تقریر اسرائیل کے دورے سے واپس آںے پر کی جس میں انہوں نے حماس کے خلاف لڑائی میں اپنے اتحادی ملک کی بھرپور مدد کا اعلان اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق تقریر سے قبل امریکی صدر نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات کی اور اُن کو اپنے ملک کی حمایت کا یقین دلایا۔
یوکرین کے لیے مزید فوجی امداد کی کانگریس سے منظوری کے لیے امریکی صدر کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے خبردار کیا تھا کہ ہتھیاروں کی فراہمی میں تاخیر سے یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے علاقے ہار سکتا ہے۔

شیئر: